مظفر گڑھ میں دریاۓ چناب کے مغربی کنارے قومی شاہراہ این 70 کے شمالی جانب چناب ویسٹ بنک نامی ریلوے سٹیشن قائم ہے. بچپن سے ملتان تا ڈیرہ غازی خان سفر کے دوران اس سٹیشن کو دیکھتے آرہے تھے، متعدد بار گاڑی روک کر اس سٹیشن کو دیکھنے کا ارادہ بھی کیا لیکن قلت وقت کی بنا پر رکے بغیر منزل کی طرف بڑھ گۓ. گزشتہ ہفتہ ڈیرہ غازی خان جانا ہوا، وقت کے دامن میں کچھ گنجائش دیکھتے ہوۓ یہ دیرینہ خواہش بھی پوری کر لی. سٹیشن کے سامنے گاڑی روکی، سڑک اور پٹری عبور کر کے سٹیشن پہنچ گۓ. سٹیشن ماسٹر صاحب کو تعارف کے بعد مقصد آمد بتایا. آپ نے بخوشی سٹیشن کا دورہ کرایا، سٹیشن کی پرانی عمارت اب خستہ حالی کی بنا پر بند ہو چکی ہے جبکہ کچھ ہی فاصلہ پر نئ عمارت قائم ہے، ریلوے کے سگنلز کا وہی پرانا نیلز بال ٹوکن سسٹم ہے. سٹیشن کی عکاسی کے بعد سٹیشن ماسٹر نے قریب ہی دریا کے کنارے واقع برطانوی کے ریلوے ریسٹ ہاؤس بارے بتایا اور دیکھنے کی دعوت دی. یہ ہماری معلومات میں خاطرخواہ اضافہ تھا، تاریخی مقام کے بارے آگاہی پر سٹیشن ماسٹر کا شکریہ ادا کیا اور جلد حاضر ہونے کا وعدہ کیا.
چناب ریلوے ریسٹ ہاؤس کو اکیلے بھی جا کر دیکھا جاسکتا تھا لیکن ہمیں گروپ کے ساتھ ایکسپلورنگ کی عادت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ کسی تاریخی یا سیاحتی مقام کو دیکھ سکیں۔ کاروباری طبقہ سے تعلق رکھنے والے کراس روٹ کلب اور وسیب ایکسپلورر کے ممبران کی عرصہ دراز سے فرمائش تھی کہ جمعہ کے روز کوئ ٹور پلان کیا جاۓ تاکہ وہ احباب باآسانی شریک ہوں سکے، اکثر دفاتر کی بھی جمعہ کو آدھی چھٹی ہوتی ہے لہذا جمعہ کی شام کو کاروباری و ملازمت پیشہ دونوں طبقات کے احباب کی شمولیت ہو سکتی ہے. لہذا اس مشورہ پر عمل کرتے ہوۓ جمعہ 19 اکتوبر کی شام دریاۓ چناب اور چناب ریلوے ریسٹ ہاؤس کے سیاحتی دورہ کا پلان کیا اور فیسبک پیج وسیب ایکسپلورر پر سیاحوں کو شرکت کی دعوت عام پیش کی. جمعہ کے دن کا تعین کافی مناسب رہا، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور لیہ سے 25 سیاحوں نے اس ٹور میں شرکت کی.
چناب ریلوے ریسٹ ہاؤس مظفر گڑھ دریاۓ چناب کے مغربی کنارے چناب ویسٹ بنک ریلوے سٹیشن کے عقب میں کوئ ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلہ پر حفاظتی بند پر تعمیر کیا گیا ہے. سٹیشن سے ریسٹ ہاؤس تک ریلوے ٹریک بچھا ہوا ہے جس پر ریل ٹرالی میں مہمان سیاحوں کو ریسٹ ہاؤس تک پہنچایا جاتا ہے، جبکہ کار بائیکس کے لیے کچا راستہ بھی جاتا ہے. ریسٹ ہاوس کے گرد گھنے درخت موجود ہیں جنکی وجہ سے پر فضا و پر سکون ماحول قائم ہے. سیلاب کے دنوں میں ریسٹ ہاؤس کے قریب پانی بہتا ہے جسکا منظر خوب دیدنی ہوتا ہے. دن کے اوقات میں سیر و تفریح کے لیے اچھی جگہ ہے جبکہ مہم جو افراد نائٹ کیمپنگ بھی کر سکتے ہیں.
ملتان سے اس سیاحتی دورہ میں سینیئر فوٹو گرافرز نعمان علی، زاہد مختار اور بائیکرز محمد ابو بکر، انوار خالد، حسان خالد، علی ابراہیم شریک ہوۓ، لیہ سے ہمارے نۓ سیاح دوست جناب شاہ زیب اعوان اپنے بھانجے کے ہمراہ تشریف لاۓ، آپکی ہمت کو سلام. ڈیرہ غازی خان کے احباب نے ایک بار پھر بھرپور خلوص کا مظاہرہ کیا اور ہمایوں ظفر جسکانی کوآرڈینیٹر کراس روٹ کلب ڈیرہ غازی خان کی سربراہی میں بڑی تعداد میں شرکت کی. میں قاضی محمد شاہد، اظہر جسکانی، حسنین صفدر، انجینیئر محمد علی، انور خان، اسماعیل بلوچ، ابرار بھٹی، خرم شہزاد، رانا شیر دل اور انکے ہمراہ آنے والے نۓ سیاح دوستوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کے آپ احباب نے ہماری دعوت پر لبیک کا اور شرکت فرما کر عزت بخشی. ڈیرہ کے کچھ خاص دوست ملک عدیل، اسلم بھائ، عرفان احمد، اسامہ جسکانی اور محترم و مکرم شعیب رضا و عمران لودھی بوجوہ مصروفیت تشریف نہ لا سکے جنکی خوب کمی محسوس کی گئ. ان شاءاللہ 27 اکتوبر 2018 بروز ہفتہ کو تونسہ بیراج نائٹ کیمپنگ میں ملاقات ہوگی.
طالب دعا:
ڈاکٹر سید مزمل حسین
وسیب ایکسپلورر














