ملتان میں تیسری سالانہ رائل ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ کا انعقاد
اتوار، 12 اکتوبر 2025 کا دن، ملتان کی ثقافتی اور سیاحتی فضا میں ایک غیر معمولی جوش اور ولولہ لے کر آیا۔ ملتان ہارس مین شپ کلب اور رائل آرچرڈ ملتان کے مشترکہ اہتمام میں ‘تیسری سالانہ رائل ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ’ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس نے پنجاب بھر سے آئے ہوئے درجنوں گھڑ سواروں کی ٹیموں کو اپنی مہارت اور جرات کا لوہا منوانے کا موقع دیا۔
مہر مراد عباس چاون، سردار عبد الرحیم خان نیازی اور جناب رمیض خان نے وسیب ایکسپلورر سے گفتگو کرتے ہوۓ بتایا کہ ملتان میں اس کھیل کا انعقاد خوش آئند ہے جو کہ ناصرف اس کھیل کو زندہ رکھنے کی کاوش ہے بلکہ اس کا مقصد ملتان کے شہریوں کو اس قدیم سے محظوظ اور روشناس کرانا ہے۔
یہ چیمپئن شپ صرف ایک کھیل نہیں، بلکہ پنجاب کے تاریخی ورثے اور گھوڑ سواری کی صدیوں پرانی روایت کا مظہر ہے، جہاں گھوڑے اور سوار کا تعلق ایک لازوال بندھن کی صورت اختیار کر جاتا ہے۔ وسیع و عریض میدان میں گھوڑوں کی ٹاپوں کی گونج، شائقین کا جوش و خروش اور نیزہ بازی کا کلاسک انداز، سب نے مل کر ایک سحر انگیز منظر تخلیق کر دیا۔
ہر سوار نے اپنی پوری توانائی، ارتکاز اور دلیری سے اس چیلنج کا سامنا کیا کہ کس طرح پوری رفتار سے دوڑتے ہوئے گھوڑے کی پشت پر نیزے یا تلوار سے زمین میں نصب لکڑی کے کھونٹے (Tent Peg) کو کامیابی سے اکھاڑنا ہے۔ یہ مقابلہ صرف رفتار اور طاقت کا نہیں تھا، بلکہ گھوڑے پر سوار کی مہارت، وقت کی پابندی اور بہترین ہم آہنگی کا امتحان بھی تھا۔
دھول اڑاتے، ہوا سے باتیں کرتے برق رفتار گھوڑے اور اُن پر مضبوطی سے قابض سوار، جب نشانہ لگاتے تو تماشائیوں کی سانسیں تھم جاتیں۔ فتح یاب سواروں کے لیے داد و تحسین کا جو شور اٹھتا، وہ اس قدیم کھیل کی عظمت اور اہمیت کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ رائل آرچرڈ کے سرسبز ماحول میں منعقدہ اس تقریب نے گھڑ سواری کے کھیل کو ایک نئی شان بخشی اور شرکاء و تماشائیوں کے دلوں میں کئی خوبصورت اور یادگار نقوش چھوڑے۔
تیسری رائل ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ ایک بار پھر ثابت کر گئی کہ ملتان نہ صرف اولیاء کا شہر ہے بلکہ روایتی کھیلوں اور ثقافتی تقریبات کی ترویج میں بھی اپنا ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ وسیب ایکسپلورر کی جانب سے ہم اس ایونٹ کے تمام آرگنائزرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وی لاگ کا لنک



















