Posted by

on

Mat Chandia, Koh e Sulaiman

مٹ چانڈیہ، کوہ سلیمان کا خوبصورت نخلستان:
مٹ چانڈیہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے قبائلی علاقہ کی یونین کونسل مبارکی میں واقع ہے۔ ضلعی ہیڈ کوارٹر سے اسکا فاصلہ تقریباً 90 کلومیٹر ہے۔ یہ سطح سمندر سے تقریبا 2200 فٹ کی بلندی پر ہے۔ مٹ چانڈیہ کی زمین کو وڈور نالہ کا پانی سیراب کرتا ہے جبکہ قدرتی چشموں میں بھی سارا سال پانی جاری رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں ایک خوبصورت سرسبز نخلستان آباد ہے جو عام طور پر کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں نہیں ملتا۔ مٹ چانڈیہ کے اکثر افراد بسلسہ روزگار بیرون ملک مقیم ہیں۔ یہاں گورنمنٹ بوائز ہائ سکول بھی قائم ہے جبکہ ہسپتال کی سہولت نہیں ہے۔
مٹ چانڈیہ پہنچنے کے لیے سخی سرور سے شمال کی جانب تقریبا 30 کلومیٹر رونگھن چیک پوسٹ پہنچنا ہوتا ہے، یہاں تک راستہ انتہائ خراب لیکن زیر تعمیر ہے۔ رونگھن سے مٹ چانڈیہ تک کارپٹ روڈ ہے، یہ فاصلہ 25 کلومیٹر ہے۔ مٹ چانڈیہ کی آبادی سے تقریبا 2 کلومیٹر قبل سڑک ختم ہوجاتی ہے اور بقیہ راستہ پتھروں کے دشوار گزار ٹریک پر مشتمل ہے۔ مٹ چانڈیہ سے ڈیرہ غازی خان شہر پہنچنے میں کم و بیش تین سے ساڑھے تین گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو بہت مشکل کا سامنا ہوتا ہے۔
وسیب ایکسپلورر کی تیسری سالگرہ کے موقع پر 27 اکتوبر 2019 کو مبارکی ٹاپ اور مٹ چانڈیہ کا سیاحتی دورہ ترتیب دیا گیا جس میں ملتان، ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف سے چالیس کے قریب سیاح شامل ہوۓ۔ ہمارے محترم سیاح دوست، دی آکسیجن کلب ڈیرہ غازی خان کے ممبر، مٹ چانڈیہ کے رہائشی جناب گل حسن بھائ اور انکے رفقاء نے وسیب ایکسپلورر اور کراس روٹ کلب کے ممبران کا پرتپاک استقبال کیا اور اعلی مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا۔ مٹ چانڈیہ میں واقع ایک پہاڑی چوٹی سے نخلستان کا خوبصورت نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس سیاحتی دورہ کی کچھ تصاویر اس پوسٹ میں ملاحظہ فرمائیں۔
تحریر و تصاویر:
ڈاکٹر سید مزمل حسین
وسیب ایکسپلورر
کراس روٹ کلب۔
Now Reading